متحدہ عرب امارات میں سونے کی قیمتوں میں حالیہ نمایاں اتار چڑھاؤ کے بعد شہریوں نے قرضوں کی ادائیگی اور جائیداد کی خریداری کے لیے اپنے زیورات فروخت کرنا شروع کر دیے ہیں۔ سونے اور چاندی کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچنے کے بعد اچانک نیچے آئیں تو بڑی تعداد میں لوگوں نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی قیمتی دھاتیں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سونے کی قیمتیں بلند ترین سطح سے تیزی کے ساتھ کم ہوئیں جس کے بعد دبئی کے مشہور گولڈ سوک میں فروخت کنندگان کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہریوں اور سرمایہ کاروں نے قیمتوں میں کمی کو موزوں وقت سمجھتے ہوئے زیورات اور دیگر قیمتی دھاتیں مارکیٹ میں فروخت کیں۔
رپورٹ کے مطابق سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اس اچانک کمی کے بعد فروخت کا رجحان واضح طور پر بڑھ گیا ہے، جہاں کئی افراد نے ذاتی مالی ضروریات پوری کرنے، قرض اتارنے اور جائیداد میں سرمایہ کاری کے لیے زیورات فروخت کیے۔ اس صورتحال نے دبئی کی مقامی گولڈ مارکیٹ میں غیر معمولی سرگرمی کو جنم دیا ہے۔