کینیڈا میں سرگرم بھارتی جرائم پیشہ نیٹ ورکس سے متعلق سنگین انکشافات سامنے آئے ہیں۔ آسٹریلیا کے معروف جریدے اسپیکٹیٹر آسٹریلیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی جرائم پیشہ گروہوں کی سرگرمیاں کینیڈا میں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، جن میں بھتہ خوری، بلیک میلنگ اور دیگر سنگین جرائم شامل ہیں۔
آسٹریلوی جریدے کے مطابق کینیڈا کے شہر سرے میں رواں سال جنوری سے اب تک 35 بھتہ خوری کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ صوبہ اونٹاریو میں گزشتہ تین برسوں کے دوران بھارتی گروہوں سے منسلک 1500 سے زائد بلیک میلنگ کے کیسز سامنے آئے ہیں، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بدنامِ زمانہ بھارتی بشنوئی گروہ کینیڈا میں بھتہ خوری اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا ہے۔ آسٹریلوی جریدے کے مطابق کینیڈین پولیس کی رپورٹس میں یہ الزام بھی سامنے آیا ہے کہ بھارتی حکومت بعض جرائم پیشہ گروہوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
علاوہ ازیں، سکھ گروپوں نے بھی الزام عائد کیا ہے کہ بشنوئی گروہ بھارتی حکومت کی ایماء پر خالصتان کے حامیوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جس سے کینیڈا میں سیکیورٹی اور بین الاقوامی تعلقات سے متعلق خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔