وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مولوی خادم حسین رضوی کو حفاظتی تحویل میں لے کر مہمان خانے منتقل کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال اور املاک کی حفاظت حکومت کا اولین فرض ہے، تحریک لبیک عوام کےجان ومال کیلئے خطرہ بن گئی ہے اور مذہب کی آڑ لے کر سیاست کررہی ہے۔
خادم حسین رضوی کو حفاظتی تحویل میں لے کر مہمان خانے منتقل کیا گیا گیا ہے ، اس کاروائ کی ضرورت تحریک لبیک کے 25 نومبر کی احتجاجی کال واپس نہ لینے کی وجہ سے درپیش آئ۔ عوام کی جان و مال اور املاک کی حفاظت حکومت کا اولین فرض ہے
انہوں نے کہا کہ مولوی خادم رضوی کو حفاظتی تحویل میں لے کر مہمان خانے منتقل کیا گیا ہے، یہ کارروائی پچیس نومبر کی احتجاجی کال واپس نہ لینے پر کی گئی ہے، ساتھ ہی فوادچوہدری نے واضح کیا کہ موجودہ کارروائی کا آسیہ بی بی کیس سے کوئی تعلق نہیں، صورت حال مکمل کنٹرول میں ہے، عوام پر امن رہیں اورحکام سے تعاون کریں۔
واضح رہے کہ تحریک لبیک نے پچیس نومبر کو اسلام آباد میں جلسے کا اعلان کر رکھا تھا جس کی کال خادم رضوی نے دی تھی۔
اسی سلسلے میں رات گئے پنجاب پولیس نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم رضوی کو گرفتار کیا تھا، اپنے قائد کی گرفتاری کی اطلاع ملتے ہی کارکنوں نے شہر بھر میں احتجاج شروع کررکھا ہے۔
علامہ خادم حسین رضوی سمیت تحریک لبیک پاکستان کی قیادت کی گرفتاری کے بعد کارکن مشتعل ہوگئے اور شہر کی اہم شاہراؤں کو بند کردیا ہے۔پولیس سے کارکنوں کی جھڑپیں وقفے وقفے سے جاری ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے شیلنگ اور مظاہرین کی جانب سے پھتراؤ کیا گیا، جس کے باعث ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا ہے۔