عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ بجلی کے مجوزہ ٹیرف میں ردوبدل کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں اور مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایم ایف حکام نے بتایا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ جاری بات چیت میں اس بات پر خصوصی غور کیا جا رہا ہے کہ مجوزہ ٹیرف میں کسی بھی ممکنہ تبدیلی کا بوجھ متوسط اور کم آمدنی والے طبقے پر نہ پڑے۔
حکام کے مطابق مذاکرات کے دوران یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ مجوزہ ٹیرف ترامیم حکومتی وعدوں اور طے شدہ اصلاحاتی پروگرام سے ہم آہنگ ہیں یا نہیں۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں ممکنہ ردوبدل کے مہنگائی، مالیاتی نظم و ضبط اور مجموعی معاشی استحکام پر اثرات کا بھی مکمل جائزہ لیا جائے گا تاکہ پالیسی فیصلے دیرپا اور متوازن ہوں۔