کراچی میں شارع فیصل پر ایک چینی جوڑے کی باہمی ناراضگی پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، جنہں ایس ایچ او نے تھانے لاکر بڑی مشکل سے منایا۔
تفصیلات کے مطابق چین سے پاکستان پہنچنے والے مسٹر وانگ کی گاڑی میں بیٹھتے ہی اپنی چینی دوست سے کسی بات پر ناراضگی ہوگئی۔
بس پھر کیا تھا، مسٹر وانگ نے گاڑی شارع فیصل پر رکوا دی اور خاتون دوست کے ساتھ جانے سے انکار کرتے ہوئے گاڑی سے اتر کر ڈرگ روڈ پر شاہراہ فیصل کے کنارے کھڑے ہوگئے۔
مسٹر وانگ کی دوست بھی گاڑی سے اتریں اور انہیں منانے کی کوشش کرتی رہیں لیکن بے سود رہا۔
سیکورٹی خدشات کے پیش نظر فارن سیکورٹی سیل کے عملے نے بھی پریشان ہوکر انہیں گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کی، مگر وہ نہ مانے۔
مسٹر وانگ کو شارع فیصل پر سڑک پر بضد کھڑے دیکھ کر اہلکاروں نے مزید سیکیورٹی منگوالی۔
بعدازاں ایس ایچ او شارع فیصل صفدر مشوانی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور مسٹر وانگ اور ساتھی لڑکی کی منت سماجت کرکے انہیں تھانے لے آئے۔
تھانے میں ایس ایچ او نے دونوں کو اپنے دفتر میں بٹھایا، ٹھنڈا پانی پلایا اور اس دوران خاتون مسٹر وانگ کو منانے میں کامیاب ہوگئیں۔
مسٹر وانگ کا غصہ ٹھنڈا ہونے پر یہ جوڑا پولیس اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شارع فیصل تھانے سے روانہ ہوگیا اور پولیس والوں کی جان میں جان آئی۔