جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف تیسرا ون ڈے 13 رنز سے جیت لیا،بارش سے متاثرہ میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لیوئس میتھڈ کے تحت ہوا۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے 318 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو پروٹیز کی پہلی وکٹ 53 رنز پر گری جب ہاشم آملہ کو 25 رنز پر حسن علی نے بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا،وکٹ کیپر بلے باز کوئن ٹن ڈی کاک کو 33 رنز پر شاداب خان نے رن آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقہ نے مجموعی طور پر 187 رنز 2 وکٹوں کے نقصان پر بنائے جس کے بعد بارش کا آغاز ہوا تو کھیل روکنا پڑا، روکا ہینڈرکس 83 اور کپتان فاف ڈوپلیسی نے 40 رنز کی شاندار ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت امپائرز نے جنوبی افریقا کی ٹیم کو فاتح قرار دیا یوں پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں ڈوپلیسی الیون نے دو میچز جیت لیے جبکہ پاکستان نے ابھی تک ایک ہی جیتا۔
بارش کے وقت جب کھیل روکا گیا تو جنوبی افریقا کو میچ جیتنے کے لیے 17اوورز میں 131 رنز درکار تھے۔
اس سے قبل پاکستان نے مقررہ اوورز 317 میں رنز بنائے اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 318 رنز کا ہدف دیا، امام الحق نے شاندار سنچری اسکور کی انہوں نے 101 رنز بنائے،محمد حفیظ نے 45 گیندوں پر 52 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، وہ ربادا کی گیند پر فلک کوائیو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، شعیب ملک 31 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے، حسن علی ایک رنز بنا کر اسٹین گن کا نشانہ بنے۔
عماد وسیم نے ناقابل شکست 23 گیندوں پر 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان سرفراز احمد 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے،جنوبی افریقہ کی جانب سے فاسٹ بولر ربادا اور ڈیل اسٹین نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہینڈرکس اور تبریز شمسی کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آسکی۔