فوجی ٹوپیاں پہن کر کھیلنے والی بھارتی کرکٹ ٹیم کو منہ کی کھانی پڑ گئی، آسٹریلیا نے تیسرے ون ڈے میچ میں 32 رنز سے شکست کا مزہ چکھا دیا۔
بھارتی شہر رانچی میں کھیلے گئے 5 ایک روزہ میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنائے۔ عثمان خواجہ 104 اور ایرون فنچ 93 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو نے 3 اور محمد شامی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز ہی مایوس کن رہا اور بھارت کی پوری ٹیم 281 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اسے 32 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی سنچری بھی رائیگاں گئی اور وہ 123 رنز بناکر نمایاں رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز اور رچرڈ سن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری جانب بھارتی کھلاڑیوں نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں فوجی ٹوپیاں پہن کر جینٹلمین گیم کو سیاست کی نذر کرنے کی کوشش کی اور ساتھ ہی میچ فیس فوجی فنڈ میں دینے کا اعلان کیا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے اس اقدام کی پاکستان نے مذمت کی اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے جینٹلمین گیم کو سیاست زدہ کرنے پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے خلاف آئی سی سی سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔