اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے وزرائےخارجہ کونسل کا اجلاس آج سعودی عرب میں ہورہا ہے ، پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کرینگے اور اس اہم اجلاس میں باہمی مشاورت سے اسلامی سربراہی کانفرنس کے مسودہ “مکہ اعلامیہ” کو حتمی شکل دی جائے گی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے تھے۔ جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائرپورٹ کے رائل ٹرمینل پر سعودی وزارت خارجہ کے چیف آف پروٹوکول جمال ناصر، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر راجہ علی اعجاز اور جدہ قونصلیٹ میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا استقبال کیا، اس موقع پر سعودی رائل پروٹوکول کے حکام بھی موجود تھے۔
اسلامی سربراہی کانفرنس کے ساتھ ساتھ او آئی سی کے رابطہ گروپ برائے کشمیر کا اجلاس بھی متوقع ہے جو کہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔
کشمیر گروپ کے اجلاس میں کشمیر کی جاری صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس اجلاس میں کشمیر کے حقیقی نمائندے، رابطہ گروپ کو کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کریں گے۔
شاہ محمود قریشی کی او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات ہو گی۔
سمٹ لیول میٹنگ کے لئے وزیر اعظم بھی تشریف لے جائیں گے۔