وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں،جہاں وہ عمرے کی ادائیگی کے علاوہ کل او آئی سی کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزداراوروزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان وزیراعظم کے ہمراہ ہیں، اس کے علاوہ معاون خصوصی نعیم الحق اوروفاقی وزیرمرادسعید بھی ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم کودورے کی دعوت سعودی فرمانرواشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دی، وزیراعظم اوآئی سی کے 14ویں سربراہ اجلاس میں کل شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کو دورے کی دعوت سعودی فرمان رواشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دی ہے، وزیراعظم آج شام سعودی عرب کے شہر مدینہ پہنچیں گے، جہاں وہ روضہ رسول پر حاضری دینے کے بعد رات مکہ روانہ ہوجائیں گے۔ وزیراعظم آج رات وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کریں گے، وزیراعظم کل اوآئی سی کے 14ویں سربراہ اجلاس میں شریک ہوں گے، اجلاس کاعنوان مکہ سمٹ رکھا گیا ہے، اجلاس کے دوران وزیراعظم خطاب کریں گے، اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، گذشتہ روز او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے خصوصی ملاقات ہوئی تھی۔
اس دوران شاہ محمود نے او آئی سی سربراہ اجلاس کی میزبانی پر سعودی وزیر خارجہ کو مبارک باد پیش کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال اور باہمی دل چسپی کے امور پر گفتگو کی گئی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پرتپاک خیر مقدم پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔