قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان کے رکھوالے قوم کے مستقبل کے ساتھ کھیل رہے ہیں،عمران خان کا دوراندیش نہ ہونا پاکستان کو پیچھے دھکیل دے گا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری بیان میں صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے اعلیٰ تعلیم کا بجٹ 20ارب روپے کم کردیا ہے اور جامعات نے طلبا کے وظائف ختم کرتے ہوئے جامعات کو فیسیں بڑھانے کا کہا جارہا ہے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کے رکھوالے قوم کے مستقبل کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ (ن) لیگ کے دور میں ساڑھے تین لاکھ مستحق طلبا نے پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ سے وظائف حاصل کیے تھے، جبکہ ہمارے دور میں جنوبی پنجاب کی چھ لاکھ سے زائد بچیوں کو اسکول میں رہنے کیلئے ماہانہ وظیفہ دیاجاتارہا۔
وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کا دوراندیش نہ ہونا پاکستان کو پیچھے دھکیل دے گا۔