تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد سے ملاقات کی اور وزیراعظم عمران خان کیخلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی الیکشن کمیشن میں جواب داخل کرادیا۔
تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ این اے 205 کے الیکشن کمشنر نے 19 جون کو وزیر اعظم کو اظہار وجوہ کا نوٹس بھجوایا، جس میں وزیراعظم سے دورہ گھوٹکی پر وضاحت مانگی گئی ہے۔
ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ تحریک انصاف قانون کے مکمل احترام پر یقین رکھتی ہے، وزیراعظم نے ضابطہ اخلاق کی کسی بھی شق کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی، وزیراعظم کی کابینہ کے رکن علی محمد مہر دارِ فانی سے کوچ کرگئے، وزیراعظم ان کے اہل خانہ سے تعزیت کیلئے گھوٹکی گئے، انہوں نے گھوٹکی میں سیاسی سرگرمی میں حصہ لیا نہ ہی میڈیا سے مخاطب ہوئے۔ ضابطہ اخلاق کی شق 17 بی صدر اور وزیراعظم کی انتخابی سرگرمیوں میں شمولیت پر قدغن عائد کرتی ہے، مذکورہ شق کسی طور بھی تعزیت سے نہیں روکتی۔
بابر اعوان نے اپنے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم کے خلاف من گھڑت درخواست داخل کرکے سنسنی پھیلانے کی ناکام کوشش کی گئی، وزیراعظم کے خلاف جھوٹا بیان داخل کرنے پر مذکورہ شخص کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اختیار رکھتے ہیں، الیکشن کمیشن 19 جون کا نوٹس واپس لے اور درخواست و بیان حلفی کی نقول فراہم کرے۔