ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے عمران صاحب ایک سال مکمل ہوا اور آپ تمام مضامین میں فیل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں آپ نے تمام قومی کامیابیوں کو بدترین ناکامیوں میں بدل دیا، عمران صاحب اٹھارہ اگست کواپنی نالائقی اورنااہلی پر جھوٹ کا عالمی ریکارڈ بنائیں گے۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران صاحب ایک سال میں کتنے انڈے، کٹے اور مرغیاں بانٹی ہیں، ایک سال ہوگیا، عوام روٹی کی جگہ بھوک اور مہنگائی کی تبدیلی کھارہے ہیں، آپ نے تو ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر دینے تھے، آپ نے تو روٹی، کاروباراور روزگار بھی چھین لیا، ایک سال میں صرف آپ کا محل پکا ہوا اور آئی ایم ایف کی ٹیم کو نوکری ملی ہے۔ لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک سال میں 45 لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے اور 15 لاکھ بے روزگار ہوگئے ہیں، ایک سال میں روپے کی قیمت میں 33 فیصد تاریخی کمی سے مہنگائی کا طوفان برپا ہوا آپ کی نالائقی نے ایک سال میں ملک کی ترقی چھ سے تین فیصد اور مہنگائی کی شرح تین فیصد سے دس فیصد کردی ہے۔
مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی حکومت پر بم باری کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں ٹیکس وصولی میں 600 ارب کا تاریخی خسارہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان خطے کے سستے ترین ملک سے دوسرا مہنگا ترین ملک بن گیاہے۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) کا مزید کہنا تھا کہ ایک سال میں آپ نے 73 سالہ تاریخ میں 7ہزار ارب قرض اضافہ کرکے نااہلی کا نیا ریکارڈ قائم کیا، ایک سال میں گیس کے نرخوں میں 200فیصد اور بجلی کی قیمت میں 35فیصد اضافہ کیاگیا جبکہ بیرون ملک سرمایہ کاری میں 50فیصد کمی ہوئی جو 10سال کی کم ترین سطح پر ہے۔