حضرت عبداللہ شاہ غازی رحمتہ اللہ علیہ کا 1289 واں عرس آج سے شروع ہوگا، عرس کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی۔
تفصیلات کے مطابق مشہور صوفی بزرگ سید عبداللہ شاہ غازی کے سالانہ عرس کا آغاز آج سے ہورہا ہے،پاکستان اور دنیا بھر سے ان کے عقیدت مند کراچی میں واقع اُن کے مزار پر پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ عبداللہ شاہ غازی کے بارہ سو نواسی ویں عرس کی تقریبات 22اگست سے 24اگست تک جاری رہیں گی۔
عرس کی سیکورٹی یقینی بنانے کے لئے مزار کے اندر اور اطراف سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں جبکہ محکمہ اوقاف کے ساتھ ساتھ پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے، ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے۔
زائرین کے لیے ڈولمن مال کلفٹن، بن قاسم پارک اور بیچ ویو پارک کو پارکنگ کے لیے مختص کیاگیا ہے، پارکنگ مقامات سے مزار پر حاضری کے لئے آنے والوں کو بس سروس فراہم کی گئی ہے۔
عبداللہ شاہ غازی کے عرس کے دوران مزار میں ایک طرف لنگر کا اہتمام کیا جاتا ہے جبکہ مزار کے اندرونی حصے میں ثناء خوانی، فاتحہ خوانی اور قصیدہ پڑھنے کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
دوسری جانب میئر کراچی وسیم اختر نے عبداللہ شاہ غازی کے سالانہ عرس کے موقع پر شہر میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا ہے،انہوں نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ سید عبداللہ شاہ غازی رحمتہ اللہ علیہ کے 1289 ویں عرس مبارک کے موقع پر 24 اگست 2019 کو مقامی تعطیل ہوگی۔