برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے وفاقی دارالحکومت میں سرکاری اسکول کا دورہ کیا۔
شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کلاسز میں گئے اور بچوں سے ملاقات کی۔ پرنس ولیم اور ان کی اہلیہ نے اساتذہ سے بھی مصافحہ کیا۔ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن الگ الگ میزوں پر بچوں کے ساتھ بیٹھے اور ان میں گھل مل گئے۔ شاہی جوڑے نے بچوں سے مزے مزے کی باتیں کیں اور ان سے سبق بھی سنا۔
برطانوی شاہی جوڑے نے مارگلہ ہلز میں ندی کی سیر کی اور حکام نے انہیں مارگلہ نیشنل پارک پر بریفنگ بھی دی۔
شاہی جوڑا مارگلہ نیشنل پارک کی خوبصورتی سے بہت متاثر ہوا۔ شاہی جوڑے نے ٹریل فائیو کا بھی دورہ کیا جبکہ ماحولیاتی تحفظ سے متعلق تقریب میں بھی شرکت کی۔
گزشتہ روز برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن 5 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں اور 18 اکتوبر کو وطن واپس روانہ ہوں گے۔ برطانوی شاہی جوڑا صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ لاہور اور چترال کا دورہ بھی کریں گے۔ گزشتہ 10 سال میں کسی برطانوی شاہی جوڑے کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔