پاکستان کے تاریخی دورے پر آئے برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن پاکستان کے دورے کے تیسرے روز خیبر پختونخوا کے حسین علاقے کی سیر کرنے کے لئے چترال پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب اسلام آباد کے تفریحی مقامات کی سیر کے بعد برطانوی جوڑا آج چترال پہنچا، جہاں مقامی عمائدین اور اعلیٰ حکام نے ان کا روایتی انداز میں خیر مقدم کیا۔ چترال پہنچنے پر برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کو چترالی ٹوپیاں پیش کی گئیں۔
شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن چترال میں خصوصی ثقافتی شو میں شرکت کریں گے اور مقامی افراد سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ شہزادی کیٹ نے ساس شہزادی ڈیانا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مور کے پروں سے سجی خوبصورت چترالی ٹوپی پہن رکھی ہے۔
1991 میں شہزادی ڈیانا نے بھی چترال کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے پرندے کے پر سے سجی روایتی چترالی ٹوپی پہنی تھی۔
برطانوی شاہی جوڑا پیر سے 5 روزہ دورے پر پاکستان پہنچا ہے اور 18 اکتوبر کو وطن واپس روانہ ہوگا۔ شاہی مہمان لاہور کا دورہ بھی کریں گے۔ گزشتہ 10 سال میں کسی برطانوی شاہی جوڑے کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔