پی ایس ایل 5 میں انٹرنیشنل اسٹارز کی کہکشاں جگمگانے کو تیار ہے، دنیا بھر سے کئی نامور کرکٹرز شرکت کریں گے، مکمل فہرست 21 نومبر کو رجسٹریشن ونڈو بند ہونے کے بعد جاری کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کی پہلی بار پی ایس ایل 5 میں شمولیت کے امکانات روشن ہوگئے ہیں، پی سی بی کی جانب سے جنوبی افریقی پیسر سمیت 28 غیرملکی کرکٹرز کا اعلان کردیا گیا ہے، غیرملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کےلیے ونڈو21 نومبر کو بند ہونے کے بعد مکمل فہرست جاری کردی جائے گی۔
آئندہ ایڈیشن میں کراچی کنگز کی جانب سے بابراعظم کو برقرار رکھنے کے امکانات موجود ہیں، ڈیل اسٹین دیگر 5 میں سے کسی ایک فرنچائز میں شامل ہوں گے، ہاشم آملا، معین علی، جیسن رائے اور عادل رشید نے بھی رجسٹریشن کرلی ہے، 8 ممالک سے تعلق رکھنے والے 28 کھلاڑیوں میں سے 7 انگلینڈ، 6 جنوبی افریقہ، 5ویسٹ انڈیز، 3،3 آسٹریلیا اور افغانستان ، 2 سری لنکا اور ایک ایک نیوزی لینڈ، نیپال سے ہے۔
ابھی تک پلاٹینم کٹیگری میں دستیابی ظاہر کرنے والے غیرملکی کرکٹرز میں افغانستان کے محمد نبی، مجیب الرحمٰن اور راشد خان، آسٹریلوی ڈین کرسٹن، بین کٹنگ اور کرس لین، انگلینڈ کے معین علی، ہیری گرنی، ایلکس ہیلز، کرس جارڈن، لیام پلنکٹ، عادل رشید اور جیسن رائے، نیپال کے سندیپ لامی چانے، نیوزی لینڈ کے کولن منرو، جنوبی افریقا کے ہاشم آملا، جے پال ڈومینی، کولن انگرام، ریلے روسو، ڈیل اسٹین اور عمران طاہر، سری لنکن کے اینجلو میتھیوز اور تھسارا پریرا، ویسٹ انڈین کے کارلوس بریتھ ویٹ، ڈیوائن براوو، ایون لوئس، سنیل نارائن اور کیرون پولارڈ شامل ہیں۔
پی ایس ایل 2020 کیلیے کھلاڑیوں کے انتخاب کی شرائط
ابتدائی فہرست میں شامل کھلاڑیوں کی تعداد میں آئندہ ہفتے اضافے کا امکان ہے۔ ایونٹ کے لیے پانچ کٹیگریز رکھی گئی ہیں جن میں پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور اور ایمرجنگ شامل ہیں۔
ہر اسکواڈ میں کم از کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 18 کھلاڑی شامل ہوں گے۔ ہراسکواڈ میں تین پلاٹینم، تین ڈائمنڈ، تین گولڈ، پانچ سلور، دو ایمرجنگ اور دو سپلمنٹری کھلاڑی شامل ہوں گے۔
شرائط کے مطابق 16 رکنی اسکواڈ میں 11 مقامی اور 5 غیرملکی کھلاڑیوں کی شمولیت لازمی ہوگی تاہم 18 رکنی اسکواڈ میں کھلاڑیوں کی ترتیب 2 آرڈر میں کی جاسکتی ہے۔اسکواڈ میں یا تو 12 مقامی اور 6 غیرملکی کھلاڑی ہوں گے یا پھر 13 مقامی اور 5 غیرملکی کھلاڑی شامل ہوں گے۔
پلیئنگ الیون میں کم از کم 3 اور زیادہ سے زیادہ 4غیرملکی کھلاڑیوں کی شرکت لازمی ہوگی۔
ہر فرنچائز گذشتہ اسکواڈ میں شامل 8 کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکتی ہے جس کے لیے ری ٹینشن ونڈو یکم دسمبر کو بند ہوگی۔