پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز کا آغاز مثبت رجحان سے ہوا ہے۔
پیر کے روز اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز 39 ہزار 287 سے ہوا اور ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران 100 انڈیکس میں 184 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔
یاد رہے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے اختتام پر کاروبار حصص میں زبردست تیزی کا رجحان رہا اور جمعہ کوکے ایس ای 500 پوائنٹس کے اضافے سے 39 ہزار پوائنٹس کی بالائی حد بھی عبور کرگیا۔
تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں108 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے سرمائے کا مجموعی حجم 75 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ 73.46 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کا آغاز تیزی کیساتھ ہوا، کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کی وجہ سے ایک موقع پر انڈیکس 39452 پوائنٹس کی بلند سطح کو بھی چھو گیا تھا ۔
کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کے سبب کے ایس ای100 انڈیکس میں 581.38 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 38706.27 پوائنٹس سے بڑھ کر 39287.65 پوائنٹس پر جا پہنچا۔