پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کا آغاز مندی کے رجحان سے ہوا ہے۔
بدھ کے روز مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز 39 ہزار 788 پر ہوا اور ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران 100 انڈیکس میں 8.74 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی ہے۔
گزشتہ روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان رہا اور انڈیکس 335 پوائنٹس کی کمی پر بند ہوا۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو اسٹاک مارکیٹ میں ملا جُلا رجحان رہا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کا آغاز 40 ہزار 124 پوائنٹس پر ہوا اور ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران انڈیکس 318 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 40 ہزار 442 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
کاروبار کے ابتدائی ایک گھنٹے کی تیزی کے بعد انڈیکس میں زوال شروع ہوا۔ ابتدائی 3 گھنٹے میں کاروبار میں ملا جُلا رجحان رہا تاہم کھانے کے وقفے کے بعد اسٹاک منفی زون میں ہی ٹریڈ کرتی نظر آئی اور یہ سلسلہ کاروبار کے اختتام تک جاری رہا۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کے دوران 390 پوائنٹس تک کی کمی ہوئی اور انڈیکس 39 ہزار 734 پوائنٹس تک گرا تاہم کاروبار کا اختتام 335 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 39 ہزار 788 پوائنٹس پر ہوا۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کے دوران 28 کروڑ 67 لاکھ 69 ہزار 650 شیئرز کی لین دین ہوئی جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 11 ارب، 74 کروڑ، 85 لاکھ، 7 ہزار 508 بنتی ہے۔