بیجنگ: چین میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 180 تک پہنچ چکی ہے، تبت میں بھی ایک کیس سامنے آیا ہے جبکہ یہ وائرس چین کے ہر حصے میں پھیل چکا ہے۔
چین کے ووہان شہر سے پھیلنے والے پراسرار وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 7 ہزار 711 سے تجاوز کر گئی ہے جو کہ ایک دن قبل 4 ہزار 515 تھی۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا اجلاس جمعرات کو ہو گا جس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا کہ آیا یہ وائرس عالمی صحت کے لئے ایک ایمرجنسی ہے۔
جاپان نے اپنی شہریوں کو ووہان شہر سے نکالنے کے لئے خصوصی طیارہ روانہ کر دیا ہے جبکہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق یہ وائرس 16 ممالک میں پھیل چکا ہے۔
ووہان شہر کے ساتھ ساتھ چین کے بڑے صوبے ہوبائی میں نقل و حمل پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں جب کہ چین کے کچھ شہروں میں عوام میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔