جینیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے لاک داؤن میں نرمی کرنے والے ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اگر احتیاط نہ کی گئی تو کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے والے ممالک کو انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کرنا ہوگا ورنہ صورت حال سنگین ہو سکتی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق لاک ڈاؤن میں نرمی آہستگی اور احتیاط کے ساتھ کرنا ہوگی۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ایک بار پھر کورونا وائرس کو قابو کرنے کے لیے لاک ڈاؤن میں آہستہ آہستہ کمی لانے پر زور دیا تھا۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ لاک ڈاؤن کے اقدامات مثبت ثابت ہوئے ہیں اور امید ظاہر کی کہ لوگ یقیناً ایسے وقت میں جب کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے احتیاط سے کام لیں گے۔
آن لائن پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ جب تک اس وبا کے خلاف ویکسین دریافت نہیں ہوتی تب تک وبا کے خلاف احتیاطی تدابیر اپنانا ہی نیا قاعدہ ہو گا۔
قبل ازیں عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا تھا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی بہت ہی خطرناک ثابت ہو گی۔
ڈاکٹر ٹیڈرس نے کہا کہ یورپی ممالک میں عالمی وبا کے کیسز میں کچھ کمی آئی ہے تاہم افریقہ سمیت دوسرے ممالک میں کورونا کیسز بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔