ڈھاکہ: پاکستان کرکٹ ٹیم نے بنگلادیش کی ٹیم کو تیسرے ٹی 20 میچ میں گزشتہ روز شکست دے کر کلین سوئپ کیا لیکن اسے ٹرافی نہیں ملی جو خلاف معمول حیرت انگیز امر ہے۔
گزشتہ روز جب کلین سوئپ کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی ویڈیو جاری ہوئی تو اس میں دیکھا گیا کہ کھلاڑی ونرز بورڈ کے ساتھ تو کھڑے ہوئے تھے لیکن وہاں ٹرافی موجود نہیں تھی۔
پاکستانی ٹیم کو ٹرافی نہ ملنے کی وجہ سے ذرائع ابلاغ سمیت سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر مختلف اقسام کی قیاس آرائیاں ہوتی رہیں جس کی ایک بڑی وجہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی خاموشی تھی کیونکہ اس کی جانب سے اس ضمن میں کوئی وضاحت نہیں دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ مروجہ طریقہ کار کے تحت کرکٹ میں سیریز کے اختتام پر جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی دی جاتی ہے جس کے ساتھ کھلاڑی گروپ فوٹو بھی بنواتے ہیں۔
گزشتہ روز بعض میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ ٹی 20 سیریز کی ٹرافی پاکستان کو ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر دی جائے گی لیکن اس کی تصدیق یا تردید بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے نہیں ہوئی تھی جس کی وجہ سے شائقین کرکٹ میں ابہام موجود تھا۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے اب اس سلسلے میں بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ٹرافی ٹیسٹ سیریز کے ختتام پر دی جائے گی۔
اس ضمن میں ترجمان بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ٹی 20 سیریز کی فاتح ٹرافی بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کےسربراہ دیں گے جو اس وقت دستیاب نہیں ہیں۔
ترجمان بی سی بی رابد امام کا کہنا ہے کہ بنگلادیش بورڈ اور اسپانسر ادارے کے افراد بائیو سکیور ببل کا حصہ نہیں ہیں لہٰذا کورونا پابندیوں کے سبب ٹی20 ٹرافی پاکستانی ٹیم کو نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ٹرافیاں ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر دی جائیں گی۔