نئےسال کا آغاز، دنیا بھر میں فلائٹس آپریشن کو مشکلات کا سامنا ہے، اومی کرون اور موسم کی خرابی کی وجہ سے اتوار کے روز 4ہزار پروازیں منسوخ ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق منسوخ پروازوں میں آدھے سے زائد امریکا کی پروازیں شامل ہیں، فلائٹ ایئرکے مطابق پچھلے دس دنوں میں دنیا بھر میں 14ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کی وجہ مسافر لوڈ کا زیادہ ہونا بھی ہے، پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اتوار عام طور پر ہفتے کا سب سے مصروف سفری دن ہوتا ہے، اور کرسمس کی تعطیلات اور نئے سال کا ہفتہ ختم ہونے پر یہ اتوار ممکنہ طور پر سب سے زیادہ سفری دن تھا، یاد رہے آج کے لیے 310 سے زیادہ امریکی پروازیں پہلے ہی منسوخ ہو چکی ہیں۔
یہ مسئلہ اگلے ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے کیونکہ ایئر لائنز کو موسمی مسائل سے نکلنے میں وقت لگے گا، جبکہ بہت سے پائلٹ، فلائٹ اٹینڈنٹ اور دیگر عملہ کورونا کی وجہ سے یا کسی متاثرہ شخص کے رابطے میں آنے کے بعد قرنطینہ میں ہیں۔
فلائٹ ایئرکے مطابق، بین الاقوامی کیریئرز میں چائنا ایسٹرن نے 500 سے زیادہ پروازیں، اور ایئر چائنا نے 200 سے زیادہ پروازیں منسوخ کیں، جو اس کے شیڈول کا پانچواں حصہ ہے۔