اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے صوبائی وزراء اور مشیران کی سیاسی وابستگیوں کا سختی سے نوٹس لے لیا، سیکرٹری نے نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو لکھے جانے والے خط میں الیکشن کمیشن نے سیاست میں ملوث نگراں وزراء کو ہٹانے کی درخواست کردی۔
نگراں وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی کی جانب سے سیاسی سرگرمیوں اور سیاسی امور میں مداخلت کا نوٹس لیا گیا ہے۔
سیکریٹری نے خط کے متن میں لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن کے نوٹس میں آیا ہے کہ نگراں کابینہ کی سیاسی وابستگیوں کی بنیاد پر تقرری کی گئی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سیاسی وابستگی کی مثال سابق نگراں وزیر شاہد خٹک کا کیس ہے، اس کے علاوہ اور بھی وزراء نے میڈیا میں اپنی پارٹی وابستگی تسلیم کی ہے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ شاہد خٹک نے اپنےعہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، تاہم کچھ وزراء مشیران اور معاونین سمیت دیگر کا رویہ الیکشن ایکٹ2017 کے منافی ہے۔
مذکورہ خط کے متن میں سیکریٹری الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ ہماری درخواست ہے کہ ایسے وزراء، مشیران اور معاونین کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا جائے۔
یاد رہے کہ سابق نگران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہد خٹک کے استعفے کے بعد اے این پی نے ان کے صاحبزادے جواد خٹک کو نگران کابینہ میں شامل کرنے پر غور کرنا شروع کردیا۔
یاد رہے کہ سابق نگران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہد خٹک کے استعفے کے بعد اے این پی نے ان کے صاحبزادے جواد خٹک کو نگران کابینہ میں شامل کرنے پر غور کرنا شروع کردیا۔
کچھ روز قبل خیبرپختونخوا کے نگران وزیر شاہد خٹک کو ایک جلسے میں حصہ لینے کی خبر پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا سے واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی۔
الیکشن کمیشن کے نوٹس کے بعد شاہد خٹک نے گزشتہ روز وزارت سے استعفی دے دیا تھا جسے نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان کی جانب منظور ہونے کا امکان ہے۔