اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت حسین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انکی خیریت دریافت کی۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے چوہدری شجاعت حسین کی قومی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ سیاسی سفر کی ابتدا آپ کیساتھ کی، اب بھی سرپرستی چاہتا ہوں، بلوچستان کے حقوق کے لیے آپ نے ہمیشہ آواز بلند کی۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام بنیادی حقوق دلانے پر ہمیشہ آپکے مشکور ہیں، قومی، عوامی مسائل کے حل، ملکی ترقی کیلئے آپ سے رہنمائی کا طالب ہوں۔
دوسری جانب چوہدری شجاعت حسین نے انوارالحق کاکڑ کو نگران وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی اور کہا کہ مجھے امید ہے آپ کے دور میں معاشی بہتری آئے گی۔
سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ ملکی مسائل کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلیں، عوام مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہیں، تدارک کیلئے اقدامات کریں۔