لاہور راولپنڈی لاہور بورڈ اور راولپنڈی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ 2 کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیا لاہور میں امتحان میں کامیابی کا تناسب 58 فیصد سے زائد اور راولپنڈی میں کامیابی کا تناسب 53.93 فیصد رہا۔
تفصیلات کے مطابق چیرمین لاہور بورڈ مرزا حبیب انٹرمیڈیٹ پارٹ 2 کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیا، رواں سال امتحان میں ایک لاکھ 86 ہزار امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی اور ایک لاکھ نو ہزار بچوں نے امتحان میں کامیابی حاصل کی۔
امتحان میں کامیابی کا تناسب 58 فیصد سے زائد رہا جبکہ لڑکوں کی کامیابی کا تناسب 48 فیصد اور لڑکیوں کی کامیابی کا تناسب 66 فیصد رہا۔
نتائج کے مطابق 10 فیصد امیدواروں نے اے پلس ،16 فیصد نے اے اور 24 فیصد نے بی گریڈ حاصل کیے، رواں سال بھی نتائج میں لڑکیاں بازی لے گئیں۔
چیرمین بورڈ کا کہنا تھا کہ نتائج لاہور بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا گیا ہے۔ رواں سال امتحان میں 41 فیصد طالبعلم فیل ہوگئے۔
دوسری جانب راولپنڈی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے بارہویں جماعت کےسالانہ امتحان کےنتائج کااعلان کردیا ہے سالانہ امتحان 2023 میں 61 ہزار 391 امیدواروں نے حصہ لیا، امتحان میں 24056 طلبااور 37 ہزار 335 طالبات شامل ہوئی۔
امتحان میں 33 ہزار 111 امیدوار کامیاب اور 28 ہزار 215 ناکامیاب رہے، طالبات کی شرح کامیابی 60.34 فیصد اور طالبہ کی کامیابی کا تناسب 44 فیصد رہا۔
راولپنڈی بورڈ کا کہنا تھا کہ سالانہ امتحان 2023 میں مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 53.93 فیصد رہا جبکہ 894 امیدوار سالانہ امتحان 2023 میں غیر حاضر رہے۔