پاکستان میں نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان رابطوں کے بعد اہم پیش رفت سامنے آگئی۔
اس حوالے سے دونوں جماعتوں کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں سیاسی تعاون پر اصولی اتفاق رائے ہوگیا۔
بلاول بھٹو سے شہباز شریف نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل میں سیاسی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی
۔
اعلامیے کے مطابق دونوں قائدین نے ملک کو سیاسی استحکام سے ہم کنار کرنے کیلئے سیاسی تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں جماعتوں کے قائدین نے صورتحال پر مشاورت کی،تجاویز پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اصولی اتفاق کیا کہ سیاسی عدم استحکام سے ملک کو بچائیں گے۔
اس موقع پر پیپلزپارٹی کی قیادت کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی تجاویز کو پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں رکھیں گے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی اکثریت نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔
ملاقات کے موقع پر ن لیگ کے وفد میں اعظم نذیر تارڑ، ایاز صادق، احسن اقبال، رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، ملک احمد خان، مریم اورنگزیب ،شزا فاطمہ بھی موجود تھیں۔