وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط ملنے سے پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا۔
وزیراعظم نے اپنے ایک بیان میں آئی ایم ایف کی آخری مالیاتی قسط کے آج جاری ہونے پر اظہار اطمینان کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2016 میں میرے قائد نواز شریف نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا تھا، یہ ایس بی اے دوسرا پروگرام ہے جو مکمل ہورہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 16 ماہ کی حکومت کے دوران پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں آئی ایم ایف سے یہ معاہدہ اہم ثابت ہوا تھا۔ پاکستان کے معاشی تحفظ کے لیے تلخ اور مشکل فیصلے کیے لیکن ان کے ثمرات معاشی استحکام کی صورت سامنے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے معیشت کو بہتر بنانے کا موقع دیا ہے، پوری جان لڑائیں گے، پاکستان کو معاشی ترقی دلائیں گے۔ قرض لینا کامیابی نہیں، کامیابی اس دن ہوگی جس دن قرض سے نجات پائیں گے۔