ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم دبئی سے کراچی پہنچ گئی جہاں اُن کا شاندار استقبال کیا گیا۔
اس حوالے سے ویسٹ انڈیز ٹیم کے آفیشل ٹوئٹر پر ویمن ٹیم کی کپتان کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں کپتان نے بتایا کہ وہ اور ان کی ٹیم پاکستان آکر میچز کھیلنے کے لیے پر عظم ہیں اوراچھی کارکردگی ادا کریں گے۔
پاکستان ٹیم کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم ایک مشکل ٹیم ہے اور ان کے ساتھ سخت مقابلہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق 15 برس بعد پاکستان آنے والی مہمان ٹیم کا بھرپور استقبال کیا جائے گا جس کے بعد ٹیم سخت ترین سیکوریٹی میں ہوٹل روانہ ہوگی۔
پاکستانی کپتان بسمہ معروف اور ویسٹ انڈیز کی قائد میریسا اگیولیرا ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن میں حصہ لیں گی اور سیریز کے حوالے سے ہونے والی میڈیا کانفرنس میں بھی شرکت کریں گی۔
واضح رہے کہ سیریز کے تینوں میچز ساؤتھ اینڈ کلب میں شیڈول ہیں۔ سہ پہر 3:15 پر مہمان ٹیم گراونڈ میں ہونے والی پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔
میچ کا ٹاس صبح ساڑھے دس بجے ہوگا جبکہ اننگ کا آغاز صبح 11 بجے کیا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیموں کی میڈیا ٹاک بھی ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کے سبب ٹیم کی آمد کا مقام اور وقت ابھی ظاہر نہیں کیا جا رہا۔