سابق وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملکی فیصلے چاہے وہ تحریک انصاف کے حق میں ہوں یا خلاف، پاکستان میں ہونے چاہییں۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے جس میں کوئی 2 رائے نہیں کہ امریکا میں ہونے والے فیصلے پاکستان پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
اسد عمر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان بڑے واضح الفاظ میں کہہ چکے ہیں وہ امریکا کی طرف نہیں دیکھ رہے، کیونکہ فیصلے ہمیں کرنا ہیں اور پاکستان کے فیصلے پاکستان میں کرنے چاہییں۔
’چاہے تحریک انصاف کے حق میں ہوں یا خلاف ہوں، یا کسی اور کے خلاف ہوں، فیصلے ملک سے باہر نہیں ملک کے اندر ہونا چاہییں۔‘
اگر عمران خان کہیں تو سیاست میں واپس آجائیں گے؟ اس سوال پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ سیاست میں تو انہیں نہیں آنا لیکن جیسے وہ ہمیشہ لوگوں سے کہتے ہیں کہ خدمت بتائیں کیا خدمت کرسکتے ہیں۔
قبل ازیں لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اسد عمر کی 3 مقدمات میں درخواست ضمانت پر سماعت کے بعد عدالت نے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 12 فروری تک ملتوی کردی۔