حکومتِ پاکستان کے قرضوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ دستاویزات کے مطابق مارچ 2024 سے مئی 2025 تک کے سوا ایک سال کے دوران وفاقی حکومت کے قرضوں میں 11 ہزار 235 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فروری 2024 تک حکومت کا مقامی قرضہ 42 ہزار 675 ارب روپے تھا، جو مئی 2025 تک بڑھ کر 53 ہزار 460 ارب روپے ہو گیا۔ اس طرح صرف سوا سال میں مقامی قرضوں میں 10 ہزار 784 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق اسی عرصے میں وفاقی حکومت کے بیرونی قرضوں میں بھی 451 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ ان تمام اضافوں کے بعد مئی 2025 تک حکومتِ پاکستان کا کل قرضہ 76 ہزار 45 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔
ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ قرضوں میں اس تیزی سے اضافہ ملکی معیشت کے لیے انتہائی تشویشناک ہے اور اس سے آئندہ برسوں میں معاشی مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔