اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے کشمیر کی آزادی کی جنگ کراچی کی گلیوں میں لڑی، اور اللہ کا شکر ہے کہ آج کراچی را کے تسلط سے مکمل طور پر آزاد ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت نے کراچی کو جنگ کا میدان بنایا ہوا تھا، جہاں ماضی میں روزانہ کی بنیاد پر قتل و غارت ہوتی تھی، لیکن تمام سیاسی جماعتوں، سول و ملٹری قیادت اور پوری قوم نے متحد ہو کر اس خونی تسلط کے خلاف جنگ لڑی، جو اپنی مثال آپ ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ را کے نیٹ ورک کو کراچی سے ختم کیا گیا، جہاں ماضی میں روزانہ 20 کے قریب لوگ مارے جاتے تھے۔ اب وہاں امن قائم ہو چکا ہے، اور اس کا کریڈٹ پوری قوم کو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جتنی بھی دہشت گردی ہو رہی ہے اس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ جب بھارت میں کچھ ہوتا ہے تو بھارتی میڈیا سب سے پہلے پاکستان پر الزام عائد کرتا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستان میں بھارت کا ذکر کسی خبر کی آٹھویں سطر میں آتا تھا، لیکن اب بھارت کا نام سب سے پہلے لینا چاہیے کیونکہ وہ ہمارے ملک میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔
انہوں نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ بھارت پاکستان کا دشمن ہے، لیکن افواج پاکستان اور قوم نے مل کر بھارت کے تمام خواب چکنا چور کر دیے ہیں، اور آج بھارت خود اندرونی مسائل سے دوچار ہے۔