وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے باعث دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو سب سے زیادہ عطیات دیتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات عطیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہی، جس میں معاشرتی فلاح و بہبود میں عطیات اور امداد کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ رنگ، نسل اور تعصب سے بالاتر ہو کر دوسروں کی مدد کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ ان کے بقول، یہ رویہ نہ صرف ایک معاشرتی خوبی ہے بلکہ پاکستان کی تہذیب اور اقدار کا بنیادی حصہ ہے، جس پر پوری قوم کو ناز ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ خدمتِ خلق اور فلاحِ انسانیت کا جذبہ ہماری معاشرتی اور ثقافتی بنیادوں میں رچا بسا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ملک کے رضاکار ہمیشہ قدرتی آفات، جنگوں اور ہنگامی حالات میں آگے بڑھ کر اپنے اہلِ وطن کی مدد کرتے رہے ہیں اور اس جذبے نے پاکستان کو دنیا میں ایک منفرد مقام دیا ہے۔