بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے ایک نیا تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔ کپتان کا کہنا ہے کہ اگر ان کی ٹیم ایشیا کپ جیتتی ہے تو وہ نہیں چاہتے کہ ٹرافی چیئرمین پی سی بی اور ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی کے ہاتھوں سے وصول کریں۔ بھارتی ٹیم مینجمنٹ نے یہ مؤقف باضابطہ طور پر ایشین کرکٹ کونسل تک پہنچا دیا ہے۔
واضح رہے کہ محسن نقوی چیئرمین پی سی بی کے ساتھ ساتھ ایشین کرکٹ کونسل کے موجودہ چیئرمین بھی ہیں۔دوسری جانب پی سی بی نے آئی سی سی کو میچ ریفری کی تبدیلی سے متعلق ایک اور خط لکھ دیا ہے۔پی سی بی نے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کا اپنا اصولی مطالبہ پھر دہرادیا ہے جس کے بعد پاکستان اور یو اے ای کے درمیان آج طے شدہ میچ کے انعقاد پر شکوک و شبہات برقرار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پی سی بی اینڈی پائیکرافٹ کو نہ ہٹائے جانے پر ایشیا کپ کے باقی میچز کا بائیکاٹ کرنے کے موقف پر قائم ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے متنازع ریفری کیخلاف آئی سی سی انکوائری کو بھی رسمی کارروائی قرار دیا گیا ہے، انکوائری کے لیے تمام پہلوؤں کا نہ جائزہ لیا گیا اور نہ متعلقہ لوگوں سے رابطہ کیا گیا۔