سکیورٹی فورسز نے کوئٹہ کے نواحی علاقے غزا بند میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب مشترکہ آپریشن کیا، جس میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن اس وقت کیا گیا جب بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں۔ رپورٹس کے مطابق غزا بند کے پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کی تشکیل سرگرم تھی جو مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث پائی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 10 دہشت گرد مارے گئے جبکہ سکیورٹی فورسز کے 2 جوان بھی زخمی ہوئے۔
آپریشن کے اختتام پر دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جسے فورسز نے تحویل میں لے لیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور اس جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔