پاکستانی فوٹوگرافر عمر سعید نے شوبز انڈسٹری میں تہلکہ مچا دینے والا انکشاف کیا ہے کہ معروف اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ کے پروڈکشن ہاؤس ’’بگ بینگ انٹرٹینمنٹ‘‘ کی تمام تر باگ ڈور دراصل ان کی مبینہ دوسری بیوی کے ہاتھوں میں ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر عمر سعید کا ایک پرانا انٹرویو تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ فہد مصطفیٰ کے پروڈکشن ہاؤس میں صرف ایک ہی شخصیت کی رائے کو حتمی سمجھا جاتا ہے، اور وہ فہد مصطفیٰ کی مبینہ دوسری اہلیہ ہیں۔ ان کے مطابق پروڈکشن کے تمام فیصلے، منصوبہ بندی اور انتظامی امور اسی خاتون کی مرضی سے طے پاتے ہیں۔
عمر سعید نے مزید کہا کہ بگ بینگ انٹرٹینمنٹ میں اس قدر اثرورسوخ کسی اور کے پاس نہیں، حتیٰ کہ انڈسٹری کے مشہور ہدایتکار جن کے کریڈٹ پر متعدد سپر ہٹ ڈرامے ہیں، وہ بھی اکثر ان خاتون کے ساتھ اختلافات کا شکار رہتے ہیں۔ ان کے بقول، “اگر کسی کو وہ ناپسند کرتی ہیں تو اسے فوراً منظر سے غائب کر دیا جاتا ہے، وہ اس پروڈکشن ہاؤس کی مکمل حکمران بن چکی ہیں۔”
اس سے قبل 12 ستمبر کو سوشل میڈیا پر ایک 9 ماہ پرانی ریڈٹ پوسٹ وائرل ہوئی تھی، جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ فہد مصطفیٰ نے مبینہ طور پر دوسری شادی کر رکھی ہے، جسے کافی عرصے تک خفیہ رکھا گیا۔
نومبر 2024 میں شوبز پیج سم تھنگ ہاٹ نے ایک خاتون پروڈیوسر کو نئے پروڈکشن ہاؤس کے آغاز پر مبارکباد پیش کی تھی، جس میں شوبز شخصیات کے ساتھ ان کی تصاویر بھی شامل تھیں۔ یہی پوسٹ اب دوبارہ زیرِ بحث ہے، جب عمر سعید کے انٹرویو کے بعد معاملے نے نیا رخ اختیار کیا ہے۔
ریڈٹ پوسٹ کے تبصروں میں صارفین نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ خاتون اس سے قبل ہمایوں سعید اور فہد مصطفیٰ کے پروڈکشن ہاؤسز میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر کام کر چکی ہیں، جس کے باعث ان کا تعلق انڈسٹری کے بااثر حلقوں سے جڑا ہوا ہے۔
تاہم، تاحال فہد مصطفیٰ یا ان کے قریبی ذرائع کی جانب سے اس خبر پر کوئی وضاحت یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب عمر سعید نے فہد مصطفیٰ پر الزامات عائد کیے ہوں۔ جولائی 2024 میں بھی فوٹوگرافر نے ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ فہد مصطفیٰ نے مبینہ طور پر ان کے ساتھ توہین آمیز سلوک کیا اور ان کی اے آر وائی میں نوکری ختم کروانے میں کردار ادا کیا۔
اس وقت بھی فہد مصطفیٰ کی جانب سے ان الزامات پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تھا، تاہم اس تازہ بیان کے بعد ایک بار پھر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے، جہاں صارفین دونوں جانب سے تبصرے کر رہے ہیں اور معاملے کی حقیقت جاننے کے لیے منتظر ہیں۔