کوئٹہ سے کراچی آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی، جب جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف پرندوں کی بڑی تعداد طیارے کے لیے خطرہ بن گئی۔ کپتان نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف طیارے کو پرندوں سے ٹکرانے سے بچایا بلکہ پرواز کو بحفاظت لینڈ بھی کیا۔
ذرائع کے مطابق طیارہ لینڈنگ کے لیے رن وے کے قریب پہنچا تو اچانک پرندوں کا جھنڈ سامنے آ گیا، جس کے باعث جہاز کو ممکنہ خطرہ لاحق ہو گیا۔ اس موقع پر کپتان نے فوری طور پر کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور صورتحال سے آگاہ کیا۔
کنٹرول ٹاور کی ہدایت پر کپتان نے طیارے کو گوارا راؤنڈ پر بھیجا تاکہ لینڈنگ ایریا کو صاف کیا جا سکے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے برڈ شوٹر کے ذریعے رن وے کے اطراف سے پرندوں کو ہٹایا اور علاقے کو کلیئر قرار دیا۔
ایریا کلیئر ہونے کے بعد طیارے کو دوبارہ لینڈنگ کے لیے لایا گیا اور کپتان نے انتہائی مہارت کے ساتھ طیارے کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا۔ اس واقعے کے دوران کسی مسافر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کے اطراف پرندوں کی موجودگی سے فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اسی باعث انتظامیہ نے پرندوں کے خاتمے کے لیے اضافی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے خطرات سے بچا جا سکے۔