دفتر خارجہ پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ آج پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اہم مذاکرات ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ وزیر دفاع کی قیادت میں پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد دوحہ میں افغان طالبان نمائندوں سے مذاکرات کرے گا، جس میں دوطرفہ سیکیورٹی اور خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے اہم امور زیر بحث آئیں گے۔
ترجمان کے مطابق مذاکرات کے دوران افغان سرزمین سے ہونے والی سرحد پار دہشت گردی پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی اور پاک افغان سرحد پر امن و استحکام کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا جائے گا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کسی تصادم کا خواہاں نہیں ہے اور افغان طالبان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری سے کیے گئے وعدوں کا احترام کریں اور پاکستان کے سکیورٹی خدشات کو دور کریں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ افغان طالبان ٹی ٹی پی اور بی ایل اے سمیت دیگر دہشت گرد گروپس کے خلاف قابل تصدیق کارروائی کریں اور علاقائی سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں عملی اقدامات اٹھائیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے قطر کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ بات چیت خطے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام میں مثبت کردار ادا کرے گی۔