پاکستان کرکٹ میں ایک بار پھر قیادت کی تبدیلی کی بازگشت سنائی دینے لگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان کو ون ڈے کی کپتانی سے ہٹائے جانے پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو بطور نیا ون ڈے کپتان سامنے لانے کی تجویز زیرِ غور ہے۔
واضح رہے کہ تقریباً دس روز قبل بورڈ حکام اور سلیکشن کمیٹی کے درمیان شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ شاہین شاہ آفریدی اس سے قبل ٹی 20 ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں، ان کی جارحانہ قیادت کو کرکٹ ماہرین نے سراہا تھا۔ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں اسکواڈز کا باضابطہ اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے، جس میں ممکنہ طور پر قیادت کی تبدیلی کا اعلان بھی شامل ہوگا۔
دوسری جانب کرکٹ شائقین کی نظریں اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے فیصلے پر مرکوز ہیں، جو آئندہ سیریز میں قومی ٹیم کے مستقبل کی سمت کا تعین کرے گا۔