پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انہیں اس وقت حقیقی خوشی ہوگی جب کراچی کے لیے عملی طور پر ترقیاتی کام شروع ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ تمام ترقیاتی اقدامات آئین کی اٹھارویں ترمیم کے مطابق کیے جائیں تاکہ صوبوں کے اختیارات اور عوامی مفاد کا مکمل احترام ہو۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہمیشہ غریب عوام کی آواز تھیں۔ انہوں نے دہشت گردی کا سامنا کیا اور عوامی خدمت کے سفر میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ 2007 میں کارساز کے مقام پر پیپلز پارٹی کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا لیکن شہید بی بی نے اپنی جدوجہد جاری رکھی اور عوام کے لیے کھڑی رہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی آج بھی شہید بی بی کے فلسفے اور سیاسی سوچ کو آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر غور کیا جائے گا اور آئندہ کے لیے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے مشرق وسطیٰ میں ہونے والی پیش رفت کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کو قریب سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے معاملے پر اگرچہ امید پیدا ہوئی ہے مگر خدشات ابھی باقی ہیں، اور عالمی برادری کو امن کے قیام کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔