ستائیسویں آئینی ترمیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے حکومتی اتحاد کا ایک اہم اجلاس آج کچھ دیر بعد منعقد ہونے جا رہا ہے، جس میں وزیراعظم پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے تفصیلی مشاورت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں حکومتی اتحاد آئینی ترمیم سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کرے گا، جبکہ پیپلز پارٹی اپنے نکات اور سفارشات وزیراعظم کے سامنے پیش کرے گی تاکہ ترمیم کے حتمی مسودے پر پیش رفت ممکن ہو سکے۔
اس کے ساتھ ہی ایم کیو ایم کا ایک وفد بھی آج دن 12 بجے وزیراعظم سے ملاقات کرے گا۔ وزیراعظم ایم کیو ایم قیادت کو ستائیسویں آئینی ترمیم کے حوالے سے اعتماد میں لینے کے علاوہ ان کے تحفظات اور تجاویز بھی سنیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم یہ سفارش کرے گی کہ مقامی حکومتوں سے متعلق مجوزہ آئینی ترامیم کو بھی منظور کیا جائے، اور اس سلسلے میں وفد وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دے گا۔