قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی ہدایت پر شہباز شریف کا نام عبوری قومی شناختی فہرست میں ڈال دیا گیا ہے۔ عبوری قومی شناختی فہرست میں شامل افراد کے 30 دن کے لیے بیرون ملک جانے پر پابندی ہوتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے شہبازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کے لیے بھی سمری تیار کر لی ہے جو وفاقی کابینہ کو بھیجی جائے گی۔
شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے تک اُن کا نام عبوری قومی شناختی فہرست میں رہے گا۔
واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے 15 فروری کو شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔
نیب لاہور نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے۔ نیب نے شہباز شریف کا نام آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں موجود رہا ہے۔