کراچی کے سول اسپتال میں نوزائیدہ بچوں میں پیلیا کی تیز اور درست تشخیص کے لیے جدید آلہ ٹرانس کیوٹینیئس بلی روبینومیٹر متعارف کروا دیا گیا ہے۔ ماہر امراض اطفال پروفیسر اقبال میمن کے مطابق اس آلے کی مدد سے صرف چند سیکنڈ میں پیلیا کی شدت کو جانچا جا سکتا ہے اور بچے کا خون لیے بغیر ہی ٹیسٹ ممکن ہو جاتا ہے، جس سے تشخیص کا عمل نہایت آسان اور فوری ہو گیا ہے۔
ماہر امراض اطفال کا کہنا ہے کہ اس سے قبل پیلیا کا رزلٹ آنے میں کئی گھنٹے لگتے تھے، جبکہ اب فوری نتائج حاصل ہونے سے علاج میں تاخیر نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پیلیا کا بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے، جبکہ زیادہ شدت کے کیسز میں بچوں کو فوٹو تھراپی فراہم کی جاتی ہے۔
پروفیسر اقبال میمن کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے نہ صرف والدین کا قیمتی وقت بچے گا بلکہ خون کے ٹیسٹ کے اخراجات سے بھی بچت ہوگی، جس سے نوزائیدہ بچوں کے علاج میں مزید بہتری آئے گی۔