لندن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ایک اور بڑا دھچکا اس وقت لگا جب فاسٹ بولر گس ایٹکنسن ان فٹ ہو کر ایشز سیریز سے باہر ہو گئے۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق گس ایٹکنسن بائیں ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے ہیں۔ وہ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کی دوسری اننگز کے دوران پانچویں اوور کے بعد گراؤنڈ چھوڑ کر باہر چلے گئے تھے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی تھی، تاہم اس فتح کے باوجود ٹیم کو انجری کے مسائل کا سامنا ہے۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ پانچویں ٹیسٹ کے لیے گس ایٹکنسن کے متبادل کے طور پر کسی کھلاڑی کو طلب نہیں کرے گا۔ ایشز سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ 4 جنوری سے سڈنی میں شروع ہوگا۔
پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں اس وقت آسٹریلیا کو 1-3 کی برتری حاصل ہے۔ گس ایٹکنسن سے قبل فاسٹ بولرز مارک ووڈ اور جوفرا آرچر بھی انجری کے باعث ایشز سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔