گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس کے دوران بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
گورنر سندھ نے شہدا کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم، سیکیورٹی فورسز اور ریاستی ادارے ایک صفحے پر ہیں اور دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سرپرستوں کو بھی کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر اور ان کے اسپانسرز کو ضرور کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گورنر سندھ کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں حالات مکمل طور پر قابو میں ہیں اور سیکیورٹی ادارے مؤثر کارروائیاں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مٹھی بھر دہشت گرد بچ کر نہیں جا پائیں گے اور ریاست ان کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کارروائی جاری رکھے گی۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات میں ماضی کی مصالحتی پالیسی کے باعث اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد جب بھی شہروں میں کارروائیاں کرتے ہیں تو معصوم شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں، جس سے جانی نقصان بڑھ جاتا ہے۔