فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر میں پراپرٹی کے نئے سرکاری ریٹس جاری کر دیے ہیں، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نئے نوٹیفکیشن کے تحت رہائشی اور کمرشل جائیدادوں کی نظرِ ثانی شدہ ویلیوایشن نافذ العمل ہو گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں واقع رہائشی اور تجارتی جائیدادوں کے ریٹس میں 15 فیصد سے لے کر 75 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ان نئے ریٹس کی بنیاد پر غیر منقولہ املاک کی مارکیٹ ویلیو کا تعین کیا جائے گا، جبکہ اسی کے مطابق کیپیٹل گین ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس بھی وصول کیا جائے گا۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پانچ سال تک پرانی رہائشی تعمیر شدہ جائیداد کے لیے نیا سرکاری ریٹ 3 ہزار روپے فی مربع فٹ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پانچ سال سے زائد پرانی تعمیر شدہ رہائشی جائیداد کے لیے سرکاری ریٹ 1500 روپے فی مربع فٹ مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ نئے ایس آر او کے اجرا کے بعد جائیدادوں کے سابقہ سرکاری ریٹس منسوخ تصور کیے جائیں گے اور آئندہ تمام ٹیکس وصولیاں نئی ویلیوایشن کے مطابق کی جائیں گی۔ ایف بی آر کے مطابق اس اقدام کا مقصد پراپرٹی سیکٹر میں شفافیت لانا اور ٹیکس نظام کو مؤثر بنانا ہے۔