وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو کسی بھی قسم کی ڈیل آفر کرنے سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسی تمام اطلاعات بے بنیاد ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام ’’جرگہ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نہ تو پی ٹی آئی کو کسی ڈیل کی پیشکش کی گئی ہے اور نہ ہی کسی ڈیل کا کوئی آپشن زیر غور یا ٹیبل پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے گردش کرنے والی خبریں محض قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے دوٹوک انداز میں کہا کہ عمران خان کو نہ حکومت کی جانب سے اور نہ ہی اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے کسی قسم کی ڈیل کی پیشکش کی گئی ہے اور نہ ہی آئندہ ایسی کوئی پیشکش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سزاؤں کا فیصلہ عدالتوں میں ہوگا، جیسا کہ ماضی میں نواز شریف اور آصف علی زرداری کے معاملات میں عدالتی کارروائی کے ذریعے ہوا تھا۔
انہوں نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کی جانب سے ڈیل مسترد کرنے سے متعلق بیان کی بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیان 24 نومبر کے احتجاج کے تناظر میں تھا، جسے مختلف انداز میں پیش کیا گیا۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کسی ڈیل کے حوالے سے خبروں کی سختی سے تردید کر چکے ہیں اور حکومتی مؤقف کو واضح کر چکے ہیں۔