ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے میں آج پاکستان ٹیم ایک اہم میچ میں انگلینڈ کے مدمقابل ہوگی، جسے ایونٹ میں قومی ٹیم کے لیے فیصلہ کن مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے کھیلا جائے گا اور شائقین کرکٹ کی نظریں اس اہم معرکے پر مرکوز ہیں۔
قومی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات روشن رکھنے کے لیے انگلینڈ کو لازمی شکست دینا ہوگی، کیونکہ پوائنٹس ٹیبل کی موجودہ صورتحال میں ہر میچ کی اہمیت دوچند ہو چکی ہے۔ ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑی اس میچ کو جیتنے کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔ اس میچ کے متاثر ہونے سے پاکستان کی سیمی فائنل کی راہ مزید پیچیدہ ہو گئی تھی۔
دوسری جانب انگلینڈ نے اپنے گزشتہ میچ میں میزبان سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 51 رنز سے شکست دی تھی، جس کے بعد اس کے حوصلے بلند ہیں۔ ایسے میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آج کا مقابلہ ٹورنامنٹ کے تناظر میں انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔