سعودی عرب میں منعقد ہونے والے فٹبال ایشیاء کپ 2027ء کے افتتاحی اور اختتامی مقابلوں کے حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تین مرتبہ ایشین چیمپئن رہنے والا سعودی عرب پہلی بار 2027ء میں اس بڑے فٹبال ایونٹ کی میزبانی کرے گا، جو فیفا ورلڈ کپ 2034ء سے قبل ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
حکام کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ 7 جنوری سے 5 فروری تک جاری رہنے والے ایشیاء کپ 2027ء کا افتتاحی میچ اور فائنل ریاض کے کنگ فہد اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے جاری کردہ بیان میں بھی تصدیق کی گئی ہے کہ یہی اسٹیڈیم ٹورنامنٹ کے آغاز اور اختتام دونوں کے لیے مرکزی مقام ہو گا۔
ریاض میں واقع اس اسٹیڈیم میں 70 ہزار سے زائد شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔ یہاں گروپ مرحلے کے چار میچز، ایک پری کوارٹر فائنل اور ایک کوارٹر فائنل بھی کھیلا جائے گا، جبکہ فروری کے اوائل میں فائنل مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کے لیے مجموعی طور پر آٹھ مقامات مختص کیے گئے ہیں، جن میں ریاض کا اسٹیڈیم سب سے بڑا ہے۔ اس کے علاوہ جدہ اور الخبر میں بھی ایشین کپ کے میچز کھیلے جائیں گے۔
ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے مطابق میچوں کے حتمی اوقات کار کا اعلان 11 اپریل کو ریاض میں ہونے والی قرعہ اندازی کی تقریب میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2022ء کے میزبان قطر نے دو سال قبل ایشین کپ کی میزبانی کی تھی اور ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ یہ ٹورنامنٹ اصل میں 2023ء میں چین میں منعقد ہونا تھا، تاہم وہاں نافذ کووڈ پالیسیوں کے باعث اسے منتقل کر دیا گیا تھا۔