پاکستان میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی کا رجحان برقرار ہے اور ملک میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق کاروباری شعبے میں سرمایہ کاری اور نئی کمپنیوں کے قیام کا سلسلہ جاری ہے۔
سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق فروری کے مہینے میں ملک بھر میں 3444 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جس کے بعد پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 287049 ہو گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 82 نئی کمپنیوں میں غیر ملکی شراکت داری بھی شامل رہی۔ چین سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں نے 44 کمپنیوں میں ڈائریکٹر شپ حاصل کی جبکہ امریکا، برطانیہ، جرمنی، کینیڈا اور دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں نے بھی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی۔
ایس ای سی پی کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی خاص طور پر مائننگ، ٹریڈنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دیکھی گئی۔ صوبائی سطح پر پنجاب میں سب سے زیادہ 1696 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جبکہ اسلام آباد میں 656 اور سندھ میں 555 کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی۔
شعبہ وار جائزے کے مطابق آئی ٹی اور ای کامرس کے شعبے میں 723 نئی کمپنیاں قائم ہوئیں جبکہ ٹریڈنگ کے شعبے میں 531، سروسز میں 434 اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں 323 نئی کمپنیاں رجسٹر کی گئیں۔ اس کے علاوہ مائننگ، ٹیکسٹائل، تعلیم، صحت، کھیلوں کے سامان، کیبلز اور الیکٹرک گڈز سے متعلق کمپنیوں کی رجسٹریشن بھی ریکارڈ کی گئی۔