کراچی کی مصروف ترین شاہراہوں میں شامل ایم ٹی خان روڈ اور مائی کلاچی روڈ کو ایک بار پھر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جس کے باعث شہر کے مرکزی علاقوں میں ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق صبح کے وقت جناح برج سے پی آئی ڈی سی جانے والی سڑک کو چھوٹی گاڑیوں کے لیے عارضی طور پر کھولا گیا تھا جبکہ مائی کولاچی روڈ پر پھاٹک سے جناح برج کی جانب جانے والا راستہ بھی مختصر وقت کے لیے چھوٹی ٹریفک کے لیے بحال کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ پی آئی ڈی سی سے سلطان آباد تک روڈ بھی محدود ٹریفک کے لیے کھول دی گئی تھی۔
تاہم بعد ازاں سلطان آباد ٹریفک سیکشن سے مائی کولاچی پھاٹک تک سڑک کو دوبارہ بند کر دیا گیا۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ایم ٹی خان روڈ تاحال ٹریفک کے لیے بند ہے جہاں رکاوٹیں لگا کر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ پی آئی ڈی سی پل پر کنٹینرز رکھ کر آمد و رفت روک دی گئی ہے۔
دوسری جانب مائی کلاچی روڈ کے دونوں اطراف بھی ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق پی آئی ڈی سی سے آنے والی ٹریفک کو کھجور چوک کی جانب موڑا جا رہا ہے جبکہ مائی کلاچی سے آنے والی گاڑیوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جناح برج سے آنے والی گاڑیوں کو آئی آئی چندریگر روڈ کی طرف بھیجا جا رہا ہے جس کے باعث اس شاہراہ پر ٹریفک کا غیر معمولی دباؤ دیکھنے میں آ رہا ہے۔